کراچی(رفیق مانگٹ)مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ کے تقریباً 19 فوجی اڈے اور سہولیات موجود ہیں، جن میں سے 8 مستقل نوعیت کے سمجھے جاتے ہیں۔ اہم مراکز میں قطر کا العدید فضائی اڈہ، بحرین میں نیول سپورٹ ایکٹیویٹی بحرین ، متحدہ عرب امارات کا الظفرہ فضائی اڈہ، کویت کے کیمپ عریفجان اور علی السالم فضائی اڈہ، سعودی عرب کا پرنس سلطان فضائی اڈہ، اردن کا موفق السلتی فضائی اڈہ اور عراق کا عین الاسد فضائی اڈہ شامل ہیں۔ ان اڈوں کا ایران کے دارالحکومت تہران سے فاصلہ اسٹریٹجک لحاظ سے نہایت اہم ہے، جہاں عراق میں عین الاسد بیس تقریباً 500 سے 600 کلومیٹر، کویت کے اڈے 700 سے 850 کلومیٹر، بحرین 900 سے 1000 کلومیٹر، قطر 1000 سے 1100 کلومیٹر، متحدہ عرب امارات 1200 سے 1300 کلومیٹر جبکہ سعودی عرب اور اردن کے اڈے 1300 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر واقع ہیں۔ ترکی کا انجرلک فضائی اڈہ تقریباً 1500 سے 1700 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔دوسری جانب امریکی بحری طاقت کا ہیڈکوارٹر بحرین میں ہے، خلیج فارس، بحیرہ احمر اور بحرِ ہند میں سرگرم ہے۔