اسلام آباد (خصوصی نمائندہ ) وفاقی وزیر توا نائی اویس لغاری نے ملک بھر سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی نو ید سنا دی۔ وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ایل این جی گیس موصول ہونے سے بجلی کی پیداوار میں بہتری کے بعداب لوڈ مینجمنٹ کا خاتمہ ہو چکا ہے، ایل این جی موصول نہ ہونے سے عارضی بحران پیدا ہوا، مہنگے فرنس آئل اور ڈیزل کے بجائے سستی بجلی کی فراہمی ترجیح ہے، صارفین پر اضافی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے، لوڈشیڈنگ کی وجہ گیس کی کمی تھی جو امریکہ ایران جنگ کی وجہ سے نہیں موصول ہو رہی تھی،بروقت اقدامات کی وجہ سے عوام کو ائندہ لوڈ شیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ جمعہ کو لوڈمنیجمنٹ کے خاتمے کے حوالے سے جاری ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آج سے 13 سے 14 دن پہلے عوام کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، 13 اور 14 اپریل کو پانچ پانچ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کرنا پڑی ، 17,18,19اپریل کو کوئی لوڈمنیجمنٹ نہیں ہوئی جبکہ 19 اپریل سے 29 اپریل تک لوڈ شیڈنگ کو دو سے ڈھائی گھنٹے تک محدود کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 15 دن پہلے پریس کانفرنس کر کے وزارت کا موقف سامنے رکھا اور بتایا کہ لوڈ شیڈنگ ہماری کسی کوتاہی یا سسٹم کے نان فنکشنل یا پیداواری صلاحیت کے نہ ہونے کی وجہ سے نہیں ہے۔