کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ایف آئی اے امیگریشن نے 23مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے حوالے سے وضاحت جاری کر دی۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق 23مسافر بحرین کے لیے پاکستانی پاسپورٹس اور ورک ویزا کے ساتھ روانہ ہو رہے تھے کہ روٹین امیگریشن کے دوران مسافروں کو مزید جانچ پڑتال کے لیے ریفر کیا گیا۔ابتدائی بیان میں مسافروں نے روزگار رشتہ داروں کے ذریعے حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تاہم تفصیلی جانچ پر بیانات غلط اور گمراہ کن ثابت ہوئے۔بعد ازاں مسافروں نے ایجنٹس کے ذریعے روزگار حاصل کرنے کا اعتراف کیا۔تمام مسافروں کی ایک ہی فلائٹ پر بکنگ مشکوک انداز میں کی گئی تھی،،ترجمان کے مطابق مسافر اپنے کام کی نوعیت اور تفصیلات بتانے میں ناکام رہے اور کسی بھی مسافر کے پاس فارن سروس ایگریمنٹ موجود نہیں تھا۔ترجمان کے مطابق ان وجوہات کی بنیاد پر تمام 23 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا۔