• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کو انتہائی مشکل اور غیر معمولی حالات میں قید رکھا گیا ہے، ظاہر شاہ طورو

پشاور (خصوصی نامہ نگار) سابق صوبائی وزیر وممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا ظاہر شاہ طورو نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری اور مسلسل قید کے ایک ہزار دن مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ دن پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتا ہے، عمران خان کو انتہائی مشکل اور غیر معمولی حالات میں قید رکھا گیا ہے جہاں نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کو نظر انداز بلکہ مناسب علاج معالجے کی سہولت سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے ایک سابق وزیراعظم اور ملک کی سب سے بڑی عوامی جماعت کے قائد کے ساتھ اس طرزِ عمل نے جمہوری اقدار پر سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنان نے اپنے قائد کی رہائی اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لیثے قربانیاں دیں، کئی کارکنان نے شہادت کا رتبہ پایا، متعدد زخمی ہوئے، گرفتاریاں برداشت کیں اور مسلسل سیاسی انتقام کا سامنا کیا، مگر ان کے حوصلے آج بھی بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان کی یہ جدوجہد صرف ایک فرد کی رہائی کے لئے نہیں بلکہ آئین، قانون کی بالادستی، عوامی مینڈیٹ کے احترام اور پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لیثے ہے، قوم نے ہمیشہ ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی ہے اور یہ جدوجہد بھی اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم آج بھی اپنے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی رہائی کے لئے ہر جمہوری، آئینی اور قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔ ظلم کی ہر رات کا اختتام ہوتا ہے، حق اور سچ کی فتح یقینی ہوگی۔
پشاور سے مزید