پشاور (لیڈی رپورٹر ) آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا نے اپنے مطالبات کے حق میں پشاور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرے میں اساتذہ نے شرکت کی مظاہرے کی قیادت صوبائی صدر عزیز اللہ خان اور دیگر عہدیداروں نے کی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر انکے مطالبات درج تھے اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے مسائل گزشتہ کئی سالوں سے حل طلب ہیں اور متعدد بار احتجاج اور مذاکرات کے باوجود حکومتی وعدے تاحال پورے نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی جانب سے منظور شدہ اپ گریڈیشن کا نوٹیفیکیشن تاحال جاری نہیں کیا گیا، جبکہ پرائمری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ، اساتذہ کی مستقلی اور دیگر اہم مسائل بھی حل نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابقہ صوبائی حکومت کی کابینہ سے منظور شدہ اپ گریڈیشن نوٹیفیکیشن کی فوری اجراء کیا جائے، پرائمری سکولوں کی آوٹ سورسنگ روک دی جائے، پرائمری سکولوں میں بچوں پر کتابوں کا بوجھ کم کر کے صرف 4 کیا جائے۔ ریگولرائزیشن ایکٹ 2022 کے مطابق مستقل ہونے والے اساتذہ کو جی پی فنڈ کا حق دار ٹھر ایا جائے اور اس ایکٹ سےدفاتر کی غفلت سے رہ جانے والے اساتذہ کو ریگولرائز کر کے 2022 ایکٹ کا حصہ بنا نے سمیت ضم اضلاع میں ایس پی ایس ٹی پوسٹس کی فوری منظوری دی جائے جبکہ خبردار کیا کہ مطالبات کی عدم منظوری کی صورت میں احتجاج کا دائری کار وسیع کیا جائیگا۔