• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی عالمی یوم آبگاہوں کی مناسبت سے آگاہی و صفائی مہم

اسلام آباد (ساجد چوہدری)اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے عالمی یومِ دلدلی علاقوں 2026کی مناسبت سے دلدلی علاقوں کے تحفظ، ماحولیاتی آگاہی اور عوامی شمولیت کے فروغ کے لئے تین روزہ سرگرمیوں کا انعقاد کیا، یہ سرگرمیاں مارگلہ ہلز نیشنل پارک اور کنارہ پارک سمیت مختلف مقامات پر منعقد ہوئیں،تقریبات کا آغاز مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے قدرتی ندی نالوں پر صفائی مہم سے ہوا، جس کا مقصد قدرتی آبی گزرگاہوں کو آلودگی اور ٹھوس کچرے سے محفوظ رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا، پھر بورڈ نے سول سوسائٹی تنظیموں اور فرینڈز آف مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے اشتراک سے صفائی مہم کا انعقاد کیا،رضاکاروں نے کچرا صاف کیا اور دلدلی علاقوں اور میٹھے پانی کے ماحولیاتی نظام کی اہمیت سے متعلق آگاہی دی ، پھر آخری روز کنارہ پارک میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جہاں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، وفاقی وزیر نے آگاہی سیشن اور صفائی مہم میں عملی طور پر حصہ لیا اور اس موقع پر یہ واضح پیغام دیا کہ دلدلی علاقے محض خوبصورت مناظر نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کے لیے معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے اہم ذرائع ہیں، وفاقی وزیر نے پانی کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، حیاتیاتی تنوع اور مقامی معیشت میں دلدلی علاقوں کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ سیکرٹری بورڈ نے کہا کہ دلدلی علاقوں اور قدرتی ندی نالوں کو صاف رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ آلودگی سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
اسلام آباد سے مزید