• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا نے قبضے میں لئے گئے ایرانی بحری عملے کے 22 ارکان پاکستان کے حوالے کردیئے، پیشرفت اعتماد سازی کیلئے مثبت قدم، ڈار

اسلام آباد (نیوزرپورٹر، ایجنسیاں) امریکا کی طرف سے اعتماد سازی کے نمایاں اقدام کے طورپر ایران کے کنٹینر بردار بحری جہاز ʼایم وی’توسکا‘ کے عملے کے22ارکان کو پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے جنہیں ایرانی حکام کے حوالے کیا جائیگا۔ نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے کہا ہے کہ یہ عمل اعتماد سازی کا ایک اہم اقدام ہے ، پاکستان، امریکااور ایران کا شکریہ ادا کرتا ہے، ایرانی بحری جہاز کو بھی ضروری مرمت کے بعد اس کے اصل مالکان کو لوٹا دیا جائیگا، پاکستان سفارت کاری اور ثالثی میں سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،ایرانی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایرانی عملے کے 15ارکان رمدان سرحدی راستے سےایرانی صوبے سیستان بلوچستان پہنچ گئے، دوسری جانب اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میںدونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور پاکستان کی جانب سے امن و استحکام کیلئے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، عباس عراقچی نے پاکستان کے تعمیری کردار اور فریقین کے درمیان مخلصانہ ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق پاکستان نے ایرانی بحری جہاز کے عملے کی واپسی کیلئے سہولت فراہم کی ہے۔ امریکا کی جانب سے قبضے میں لیے گئے ایرانی کنٹینر جہاز ʼایم وی توسکاپر موجود عملے کے22ارکان کو گزشتہ رات ہوائی جہاز کے ذریعے پاکستان لایا گیا تھا، عملہ کو آج ایرانی حکام کے حوالے کر دیا جائیگا۔ \دریں اثناء نائب وزیراعظم اوروزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ قبضے میں لیے گئے ایرانی بحری جہاز توسکا کے عملے کے 22ارکان کو بحفاظت پاکستان پہنچا دیا گیا ہے۔اپنے ایکس پیغام میں انہوں نے بتایا کہ ان افراد کو گزشتہ رات بحفاظت پاکستان منتقل کیا گیا تھا اور انہیں ایران روانہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ایرانی اور امریکی حکام کی حمایت سے کیے جا رہے ہیں اور یہ عمل اعتماد سازی کا ایک اہم اقدام ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے لیے تحسین کا اظہار کرتا ہے اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے بات چیت، سفارت کاری اور ثالثی میں سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔دریں اثناء نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے گزشتہ رات ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

اہم خبریں سے مزید