راولپنڈی (عاصم جاوید) پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا ہے کہ جنگیں کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ وسیع تباہی، انسانی جانوں کے ضیاع اور گہرے زخموں کا باعث بنتی ہیں۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، جو بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے بامقصد مذاکرات اور دانشمندانہ سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کیلئے پرعزم ہے، امن کیلئے ہماری وابستگی کو کمزوری نہ سمجھا جائے کیونکہ امن کی خواہش ملک کی دفاعی تیاریوں کو کم نہیں کرتی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز "معرکہ حق" کی پہلی سالانہ تقریب کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینیئر وائس پریزیڈنٹ پیس وائس ایڈمرل ریٹائرڈ عبدالعلیم، ایئر مارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان، جنرل ریٹائرڈ زاہد محمود، سیکرٹری جنرل پیس کموڈور ریٹائرڈ ارشد محمود خان، میجر ریٹائرڈ لال خان اور نائب صوبیدار ریٹائرڈ علی حیدر (بٹ خیلہ مالاکنڈ) سمیت پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر کے پاکستانی عوام کی جذبہ حب الوطنی اور مسلح افواج کی عسکری قوت کا غلط اندازہ لگایا۔