کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ہلاکت خیز گرمی کے باعث 10 افراد جاں بحق ہوگئے، گرمی سے حالت خراب ہونے پر درجنوں افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، 4افراد دوران علاج درم توڑ گئے، ہلاکتوں کو ممکنہ طور پر نشے کی زیادتی اور شدید گرمی کے باعث بتایا گیا ہے، 6 افراد کی لاشیں گھر ، مسجد اور شہر کے دیگر مقامات سے ملیں، لاشیں ڈیفنس، لیاقت آباد، سرجانی اور سپر ہائی وے سے ملیں، بیشتر کی شناخت نہ ہوسکی، جاں بحق ہونے والوں میں 70سالہ بزرگ اور 35 سالہ نوجوان بھی شامل ہے۔ اس حوالے سے ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن چوہدری شاہد کی جانب سے جاری اعلامیئے کے مطابق منگھوپیر صائمہ عربین ولاز کے قریب سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ، گلشن حدید النور ہوٹل کے قریب سے 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ، ڈیفنس فیز 8 خیابان ثاقب 36 اسٹریٹ کے قریب سے بھی 36 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ، ہلاکتوں کے حوالے سے چھیپا حکام کا کہنا ہے کہ تینوں افراد نشے کی زیادتی کے باعث ہلاک ہوئے ہیں ۔ کلفٹن بوٹ بیسن سپر مارکیٹ کے قریب سے 60 سالہ نامعلوم بزرگ شہری ناساز حالت میں پڑا ملا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج جاں بحق ہوگیا ۔لیاقت آباد 10 پل کے نیچے سے 50 سالہ نامعلوم شخص ناساز حالت میں ملا جسے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا ۔ سپر ہائی وے جمالی پل شیل پمپ کے قریب سے 45 سالہ نامعلوم شخص بے ہوشی کی حالت میں ملا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن نے مزید بتایا کہ سرجانی اسکیم 33 کے قریب سڑک سے 50 سالہ در محمد نامی شخص ناساز حالت میں ملا جسے فوری طبی امداد کیلئے جناح اسپتال لے جایا گیا۔