• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوڈشیڈنگ کا معاملہ متحدہ ارکان قومی اسمبلی پارلیمنٹ میں بھی اٹھائیں، شرجیل میمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات وٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سندھ میں طویل لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے تقسیم کار اداروں کی جانب سے سندھ کے غریب صارفین کے ساتھ کی جانے والی زیادتی کے خلاف وفاقی حکومت سے بات کریں اور یہ معاملہ ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی پارلیمنٹ میں بھی اٹھائیں انہوں نے یہ بات پیر کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی رکن قرا العین کے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہی ۔ خاتون رکن کا کہنا تھا کہ سندھ میںہیٹ ویوز سے نمٹنے کے لیئے کیا اقدامات کیئے گئے ہیں۔آج گرم ترین دن ہے ٹھنڈے کمرے میں بیٹھنے والوں کو کیا علم کہ گرمی کیا ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ چند کیمپ لگانے سے مسئلے کا حل نہیں ہوگا۔ طبی کیمپ لگائے جائیں ۔ شہر میں بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے سندھ میں پندرہ پندرہ گھنٹے کی لوڈ شیدنگ بھی جاری ہے ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ان کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہا کہ اس مسئلے کا موسمیاتی تبدیلی سے تعلق نہیں ہے بلکہ یہ انتظامی مسئلہ ہے ۔گرمی اور سردی ہرسال آتی ہے اور موسم قدرت کے اختیار میں ہے تاہم پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ ملنے کے فوری بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ بھر میں ہیٹ ویو کیمپ کی ہدایت جاری کر دی ہے اور تمام اضلاع میں یہ کیمپ قائم ہوچکے ہیں جبکہ لوڈ شیڈنگ ایک الگ مسئلہ ہے ۔
اہم خبریں سے مزید