پیرس (جنگ نیوز) ٹینس کی دنیا میں انعامی رقم کے معاملے پر تنازع شدت اختیار کر گیا ہے ۔ کئی پلیئرز کی جانب سے گرینڈ سلم ٹورنامنٹس کے بائیکاٹ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ عالمی نمبر ایک آرینا سبالنکا نے کہا ہے کہ کھلاڑی متحد اور مذاکرات چاتے ہیں،تاہم مطالبات نہ مانے گئے تو مستقبل میں بائیکاٹ جیسے سخت اقدامات پر غور کیا جا سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے کے ٹاپ کھلاڑیوں، جن میں جینک سنر، آرینا سبالنکا اور کوکو گف شامل ہیں، نے 24 مئی سے شروع ہونے والے فرنچ اوپن چیمپئن شپ کی انعامی رقم پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ٹورنامنٹس کی آمدنی کے مقابلے میں انہیں کم حصہ مل رہا ہے۔ 2025 میں ٹورنامنٹ کی آمدنی 14 فیصد اضافے کے ساتھ 395 ملین یورو (462 ملین ڈالر) تک پہنچ گئی تھی، جبکہ انعامی رقم میں صرف 5.4 فیصد اضافہ کیا گیا۔ 2026 کے فرنچ اوپن کی انعامی رقم میں مجموعی طور پر 10 فیصد اضافہ کر کے اسے 61.7 ملین یورو (72.1 ملین ڈالر) کر دیا گیا ہے، سنگلز چیمپئن کے لیے 2.8 ملین یورو، فائنلسٹ کیلئے 1.4 ملین یورو، اور سیمی فائنلسٹ کیلئے 750000 یورو مختص ہیں۔ کھلاڑیوں کے مطابق ٹورنامنٹ کے منافع میں حصہ مسلسل کم ہو کر 14.3 فیصد تک رہ گیا ہے ۔ اسے کل آمدنی کے 22 فیصد تک بڑھایا کر اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے کمبائنڈ 1000 ایونٹس کے مساوی لایا جائے۔