راولپنڈی (خصوصی نمائندہ)جمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر مولانا عبدالحق ثانی کی قیادت میں مین جی ٹی روڈ پر جامعہ حقانیہ کے طلباء اور عوام الناس سے بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا اور شیخ الحدیث مولانا ادریس کے قاتلوں کی تین دن کے اندر اندر گرفتاری کا مطالبہ کیا ،انہوں نے کہاکہ مولانا شیخ الحدیث محمد ادریس پر حملہ علماء پر حملہ ہے ،مولانا عبدالحق ثانی نے کہاکہ حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی شہادت جامعہ دارالعلوم حقانیہ پر تیسرا بڑا حملہ ہے ۔دارالعلوم حقانیہ پر حملہ ہے اورپورے عالم اسلام کے دین سے محبت کرنے والوں پرحملہ ہے ،انہوں نے ریاست سے مطالبہ کیا کہ وہ حسب سابق سستی اور اس طرح کے واقعات پر عدم دلچسپی کا مظاہرہ نہ کرے، شیخ ادریس کی شہادت کو سنجیدہ لے کر اپنے لئے چیلنج سمجھے اور ہمیں ان کے قاتل زندہ چاہیے۔احتجاجی مظاہرے سے مولانا سید محمد یوسف شاہ ، مولانا عرفان الحق حقانی اور مولانا خذیمہ سمیع اور اسامہ سمیع نے بھی خطاب کیا ۔ مولانا عبدالحق ثانی نے جمعیت کے تمام کارکنوں سے بروز جمعہ نماز جمعہ کے بعد بھرپور احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کرنے کی اپیل کی تاکہ شیخ کے قاتلوں کی گرفتاری اور انہیں کیفرکردار تک پہنچانے کا عمل پورا ہو ۔