مقبوضہ بیت المقدس/بیروت( جنگ نیوز) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہونے کہا ہے کہ اسرائیل کے دشمنوں کے لیے اب کسی قسم کی “امیونٹی” ( تحفظ )باقی نہیں رہی اور حملے میں حزب اللہ کمانڈر کوشہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ایک روز قبل اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی مضافات میں حزب اللہ کے ایک کمانڈر کو نشانہ بنایا تھا۔ یہ گزشتہ ماہ ہونے والی جنگ بندی کے بعد بیروت کے علاقے پر اسرائیل کا پہلا حملہ تھا۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں ایران نواز حزب اللہ کی ایلیٹ “رضوان فورس” کے کمانڈر احمد علی بلوچ مارے گئے۔ تاہم حزب اللہ کی جانب سے تاحال اس حملے یا مذکورہ کمانڈر کی ہلاکت کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔