کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کے ساتھ جنگ کے دوران مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کے شواہد مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کم از کم 16؍ امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ پینٹاگون مبینہ طور پر اس تباہی کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ خلیجی ممالک نے نقصان کی تصاویر شیئر کرنے والوں کو طویل قید کی سزائوں کی دھمکی دی ہے، جبکہ امریکا نے نجی سیٹلائٹ کمپنیوں پر بھی تصاویر جاری نہ کرنے کیلئے دبائو ڈالا ہے۔ اپریل کے اوائل میں کیلیفورنیا کی کمپنی پلانیٹ لیبز نے اعلان کیا کہ وہ خطے کی نئی تصاویر جاری کرنے کا عمل غیر معینہ مدت کیلئے روک رہی ہے تاکہ ’’مخالف عناصر‘‘ ان تصاویر کا استعمال نہ کر سکیں۔ 5؍ اپریل کو بلومبرگ نے رپورٹ کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے کمپنیوں سے درخواست کی کہ وہ جاری تنازع کے باعث مخصوص علاقوں کی تصاویر جاری نہ کریں۔