کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں اوجھا کیمپس اور ڈاؤ میڈیکل کالج کیمپس میں حب الوطنی کے جذبے سے سرشارریلیوں کا انعقاد کیا گیا،اوجھا کیمپس میں منعقدہ ریلی کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نازلی حسین نے کی ،ریلیوں میں فیکلٹی اراکین، نوجوان ڈاکٹروں، طلبہ و طالبات، پیرا میڈیکل اسٹاف اور غیر تدریسی عملے کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔شرکاء نے قومی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ پاکستان کی مسلح افواج کے حق میں نعرے لگائے گئے اور وطن سے غیر متزلزل محبت اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اوجھا کیمپس کی ریلی میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر جہاں آ را ،رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق ڈاؤ انٹر نیشنل کالج کی پرنسپل ڈاکٹر عظمٰی بخاری ڈاکٹر خورشید سموں، ڈاکٹر نیاز سومرو ڈاکٹر غلام مرتضی سوہو ڈاکٹر عاصمہ فیصل و دیگر بھی شریک تھے ، اس موقع پر فضا جذبۂ حب الوطنی، اتحاد اور مادرِ وطن سے والہانہ محبت سے گونجتی رہی جبکہ شرکاء نے پاکستان کے امن، خودمختاری اور سلامتی کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نازلی حسین نے کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابی پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری باب اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔