کراچی(اسٹاف رپورٹر)’’بنیان مرصوص معرکۂ حق‘‘ قومی یکجہتی، اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہے، نوجوان نسل کو ملکی تاریخ، قومی اقدار اور اجتماعی ذمہ داریوں سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسکاؤٹنگ ایسی مثبت سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں میں نظم و ضبط، خدمتِ خلق اور وطن سے محبت کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہارمقررین نے صوبائی اسکاؤٹ ہیڈ کوارٹرز پر محمد صدیق میمن اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں ’’بنیان مرصوص معرکہ حق تقریبات ‘‘ کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، مقررین میں بریگیڈیئر کاشف منیر ، ممبر صوبائی اسمبلی سید عادل عسکری، ڈی آئی جی شوکت کتیان ، صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز، ظفر پراچہ، صوبائی سیکریٹری سید اختر میر ، صوبائی خازن محمد حسین مرزا ، ڈپٹی سیکریٹری فرقان احمد یوسفی ، ریسکیو محمد طاہر شیخ اور دیگر شامل تھے ۔ اس موقع پر برگیڈئیر کاشف منیر کا مزید کہنا تھا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان کا نام عزت، وقار اور بہادری کے ساتھ لیا جا رہا ہے اس کی بنیادی وجہ ہماری بہادر افواجِ پاکستان کا وہ عظیم کارنامہ ہے جسے “بنیان المرصوص معرکۂ حق” کے نام سے یاد کیا جا رہا ہے۔ڈی آئی جی شوکت کتیان کا کہنا تھا کہ ’’بنیان المرصوص‘‘قرآنِ مجید کی ایک خوبصورت اصطلاح ہے جس کا مطلب ہےسیسہ پلائی ہوئی مضبوط دیواریہ اصطلاح ہمیں اتحاد، نظم و ضبط، باہمی اعتماد اور مضبوطی کا درس دیتی ہے۔ ایسی قوم، ایسا معاشرہ اور ایسی جماعت جو ایک مقصد کے لیے متحد ہو جائے، اسے کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز کا کہنا تھا کہ سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن نے ہمیشہ نوجوان نسل میں حب الوطنی، کردار سازی، خدمتِ خلق اور نظم و ضبط کے جذبات کو فروغ دیا ہے۔ آج کے دور میں جب معاشرہ مختلف چیلنجز سے دوچار ہے، نوجوانوں کا مثبت کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے۔