کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) نے بلدیہ ٹاؤن سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ʼʼلالو گروہʼʼ سے تعلق رکھنے والے 4ملزمان سر غنہ لعل محمد عرف لالو ولد نور محمد، محمد شفیق ولد نذر خان، اجمل کاکڑ ولد محمد نبی اور ثناءاللہ ولد محبت خان کو گرفتار کرکے نائن ایم ایم پستول بغیر لائسنس اور 2موبائل فونز برآمد کر لئے ،ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان اورنگی ، بلدیہ ، گلشن غازی اور سعید آباد میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں،علاوہ ازیں پاکستان بازار پولیس نے گلشن ضیاء میں مبینہ مقابلے کے دوران دو زخمی سمیت 3ملزمان کو گرفتار کر کے پستول، موبائل فونز ،نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کر لی، زخمی ملزمان کی شناخت علی اکرم اور دانیال جبکہ ساتھی کی احتشام کے نام سے کی گئی،عوامی کالونی پولیس نے کورنگی سیکٹر 28میں مبینہ مقابلے میں ایک زخمی سمیت دو ملزمان عمر بخش ولد عبداللطیف اور زاہد ولد شاہد کو گرفتار کرکے ایک نائن ایم ایم پستول ، ایک 30بور پستول اور موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔