ملتان (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے ملتان کے داخلی راستوں این ایل سی بائی پاس، راجہ پور اور مین خانیوال روڈ پر نکاسیٔ آب کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کے احکامات جاری کر دیے،شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے شاہراہ کے دونوں اطراف جمع پانی کے اخراج کا عمل تیز کر دیا گیا ہے جب کہ ٹیمیں اور سکر مشینیں موقع پر بھجوا دی گئی ہیں، ایم ڈی واسا نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ مین خانیوال روڈ کے مکمل طور پر کلیئر ہونے تک تمام مشینری، گاڑیوں اور آپریشنل ٹیموں کی مسلسل موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال رہے اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے،بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایم ڈی واسا نے ڈائریکٹر ورکس حافظ محمد وقاص کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا،اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ ملک اسحاق بشیر بھی موجود تھے، ایم ڈی واسا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہترین نکاسیٔ آب کی سہولتوںکی فراہمی واسا ملتان کی اولین ترجیح ہے۔