پنکی کیس میں اعلی افسران کی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا، جس میں کیس سے متعلق اہم فیصلے کرلیے گئے ہیں۔
کمیٹی اجلاس ایڈیشنل آئی جی کراچی آذاد خان کی سربراہی میں ہوا جس میں ڈی آئی جیز اسد رضا، اظفر مہیسر، عامر فاروقی، شیراز نذیر، ایس ایس سمیع اللّٰہ سومرو بھی شریک ہوئے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کیس کی پیش رفت سے کمیٹی کا تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
اجلاس میں ایف آئی اے، اے این ایف سمیت متعلقہ اداروں کو بھی خط لکھنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انمول کی منشیات استعمال کرنے والوں کو مقدمات میں گواہ بنایا جائے گا۔ پنکی کارٹیل کی منشیات استعمال کرنے والے افراد سے رابطے کیے جائیں گے۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پنکی کے خلاف رضاکارانہ بیان دینے والے افراد بطور گواہ کیس میں ہوں گے۔
اجلاس میں پنکی کارٹیل کے بینک اکاؤنٹس کا تفصیلی اور باریک بینی سے جائزہ لینے اور اکاؤنٹس میں رقوم منتقلی، ڈیلرز نیٹ ورک کے سراغ کیلئے ٹیکنیکل وسائل استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔