کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کے سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ بجٹ سے پہلے 27ویں آئینی ترامیم کے آنے کا امکان ہے، جلد ایم کیو ایم پاکستان کی آئینی ترمیم آئے گی جس کے ذریعے پاکستان کے 25کروڑ عوام کو اختیار اور وسائل ان کی دہلیز پر ملیں گے،پیپلز پارٹی کو لگتا ہے کہ ان کے بغیر کچھ نہیں ہوسکتا تو یہ ان کی خام خیالی ہے ،پی پی کا غرور خاک میں ملے گا، ان کو تمام فوائڈ لینے کی عادت ہے مگر یہ دینے کو تیار نہیں ہوتے، وہ کراچی میں سیمینار اور میڈیا سے بات چیت کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ملک میں سویلین صدر کو استثی مل گیا، اب لگتا ہے کہ پی پی کو لینے کے دینے نہ پڑ جائیں، ان کے اپنے علاقوں سے متبادل قیادت سامنے آرہی ہیں،18سالوں میں پی پی کو 25ہزار ارب ملے یہ پیسہ کہاں لگا کہاں گیا کچھ نہیں پتہ۔ اٹھارویں ترمیم کا مقصد مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانا تھا، مگر اختیارات صوبائی سطح تک محدود ہو گئے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں مضبوط، خودمختار اور با اختیار بلدیاتی نظام ترقی کی بنیاد ہے۔