رابعہ فاطمہ
عید الاضحیٰ اسلامی تاریخ میں بنیادی حیثیت کی حامل ہے، جس کی جڑیں حضرت ابراہیم علیہ السّلام کی عظیم قربانی کے واقعے سے مربوط ہیں۔ یہ واقعہ محض ایک مذہبی داستان نہیں، بلکہ اطاعت، تسلیم اور اجتماعی شعور کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔ جب مسلم معاشرے، منظّم شہری ڈھانچوں میں تبدیل ہوئے، تو یہ عبادت صرف فرد تک محدود نہ رہی، بلکہ ایک اجتماعی شہری عمل کی صُورت اختیار کر گئی۔
یہی تبدیلی اِس بات کا نقطۂ آغاز بنی کہ مذہبی عمل اور شہری ماحول کے درمیان ایک نیا تعلق پیدا ہو۔ جدید دَور میں، جب شہروں کی آبادی غیر معمولی طور پر بڑھ چُکی ہے، یہی عمل ایک نئے سوال کو جنم دیتا ہے کہ کیا قدیم مذہبی عمل، جدید شہری دباؤ برداشت کر سکتا ہے؟
پاکستان میں عید الاضحیٰ کا تہوار ایک بڑے سماجی و معاشی عمل کی صُورت اختیار کر چُکا ہے، جہاں لاکھوں جانور ایک محدود وقت میں قربان کیے جاتے ہیں۔ اِس بڑے پیمانے پر ہونے والے عمل کے نتیجے میں شہری نظام پر فوری دباؤ آتا ہے۔ صفائی، نکاسی اور فضلہ تلف کرنے کا نظام اِس اچانک دباؤ کے لیے اکثر مکمل طور پر تیار نہیں ہوتا، جس کے نتیجے میں ماحولیاتی مسائل جنم لیتے ہیں، جو بعض اوقات صحتِ عامّہ کے لیے بھی خطرہ بن جاتے ہیں۔
یہ صُورتِ حال اِس امر کی عکّاس ہے کہ مذہبی روایت اور جدید شہری ڈھانچے کے درمیان ایک عملی خلا موجود ہے، جسے سمجھنا ضروری ہے۔ تاریخی طور پر برّ ِعظیم میں عید الاضحیٰ زیادہ تر چھوٹے شہروں اور دیہی ماحول میں منائی جاتی تھی، جہاں آبادی کم اور قدرتی ماحول وسیع تھا۔
وہاں فضلہ جلد تحلیل ہو جاتا اور ماحولیاتی دباؤ کم محسوس ہوتا، لیکن قیامِ پاکستان کے بعد تیزی سے بڑھتی شہری آبادی نے اِس عمل کی نوعیت ہی بدل دی۔ اب یہی مذہبی عمل بڑے شہروں میں انجام پاتا ہے، جہاں وسائل محدود اور دباؤ زیادہ ہوتا ہے۔ یوں ماحول ایک نئے انتظامی چیلنج میں تبدیل ہو گیا ہے۔
تاریخی مصادر کے مطابق جنوبی ایشیا میں اسلامی روایات کا پھیلاؤ آٹھویں صدی عیسوی میں محمّد بن قاسم کی مہم کے بعد سندھ کے علاقوں سے شروع ہوا۔ اُس دَور میں اسلام ایک ریاستی مذہب کے طور پر نہیں، بلکہ ایک تہذیبی و تجارتی اثر کے طور پر مقامی معاشرت میں داخل ہوا۔
ابتدائی مسلم آبادی زیادہ تر ساحلی اور تجارتی مراکز تک محدود تھی، جہاں مذہبی رسومات نسبتاً سادہ اور غیر منظّم انداز میں ادا کی جاتی تھیں۔ اُس دَور میں عید الاضحیٰ کی اجتماعی صُورت زیادہ واضح نہیں تھی، بلکہ یہ انفرادی یا چھوٹے سماجی حلقوں تک محدود تھی۔ یہی ابتدائی مرحلہ بعد کے ارتقائی عمل کی بنیاد بنا۔
گیارہویں اور بارہویں صدی میں جب دہلی سلطنت کا قیام عمل میں آیا، تو برّ ِعظیم میں اسلامی تہذیب ایک منظّم ریاستی شکل اختیار کرنے لگی۔ تاریخی ماخذات، جیسے تاریخِ فیروز شاہی اور طبقاتِ ناصری سے اشارہ ملتا ہے کہ اُس دَور میں مذہبی تہوار ریاستی اور شہری سطح پر زیادہ نمایاں ہونے لگے۔ عید الاضحیٰ اب صرف انفرادی عبادت نہیں رہی، بلکہ درباری اور شہری کلچر کا حصّہ بننے لگی۔ بڑے شہروں جیسے دہلی، لاہور اور ملتان میں اجتماعی قربانی کے مناظر تاریخی کتب میں نظر آتے ہیں۔
تاہم، اُس دَور کا شہری نظام نسبتاً محدود تھا، اِس لیے ماحولیاتی دباؤ کا تصوّر موجود نہیں تھا۔مغل دَور کو خطّے میں شہری تہذیب اور انتظامی نظم کا سنہری دَور سمجھا جاتا ہے، جب شہروں کی منصوبہ بندی، بازاروں کا نظام اور صفائی کے ابتدائی اصول نسبتاً بہتر تھے۔ ’’آئینِ اکبری‘‘ میں ہے کہ دربار اور شہری انتظام میں مذہبی تہواروں کو خاص اہمیت حاصل تھی۔
عید الاضحیٰ کے موقعے پر شاہی دربار کے ساتھ، عوامی سطح پر بھی قربانی کا اہتمام کیا جاتا۔ تاہم اُس دَور میں آبادی کی کثافت آج کے مقابلے میں بہت کم تھی، جس کے باعث ماحولیاتی اثرات محدود رہتے۔ یہی وجہ ہے کہ قربانی ایک تہذیبی عمل کے طور پر مستحکم ہوئی، نہ کہ ماحولیاتی مسئلے کے طور پر۔
برطانوی نوآبادیاتی دَور میں(1857ء کے بعد) شہری ڈھانچا تبدیل ہونا شروع ہوا۔ برطانوی انتظامیہ نے جدید بلدیاتی نظام کی بنیاد رکھی، مگر اس کا مقصد مذہبی نظم نہیں، انتظامی کنٹرول تھا۔ اس دور میں بڑے شہروں جیسے بمبئی، کلکتہ اور لاہور کی آبادی میں اضافہ ہوا اور شہری دباؤ بڑھنے لگا۔ اگرچہ برطانوی ریکارڈ میں عید الاضحیٰ کے ضمن میں براہِ راست ماحولیاتی ڈیٹا کم ملتا ہے، لیکن انتظامی رپورٹس سے واضح ہوتا ہے کہ مذہبی تہواروں کے دوران صفائی اور نظم و ضبط ایک اہم مسئلہ تھا۔
یہی وہ تاریخی مرحلہ ہے، جہاں قربانی کا عمل پہلی بار شہری انتظامی چیلنج کے طور پر ابھرنے لگا۔ جب پاکستان وجود میں آیا، تو قربانی کی روایت ایک نئے قومی و شہری سیاق میں داخل ہوئی۔ ابتدائی شہری ڈھانچا کم زور تھا اور آبادی کی منتقلی نے شہروں پر غیر معمولی دباؤ ڈال دیا۔ تاریخی طور پر دیکھا جائے، تو کراچی اور لاہور جیسے شہر چند دہائیوں میں کروڑوں آبادی کے مراکز بن گئے۔
اِس بڑھتی شہری آبادی نے قربانی کے عمل کو ایک بڑے انتظامی اور ماحولیاتی چیلنج میں بدل دیا۔ اب یہ صرف مذہبی روایت نہیں رہی، بلکہ شہری نظام کی آزمائش بھی بن گئی۔ نئی ریاست کو نہ صرف مہاجرین کی آبادکاری کا مسئلہ درپیش تھا، بلکہ ایک مکمل شہری و انتظامی نظام بھی ازسرِنو تشکیل دینا تھا۔
تاریخی ریکارڈز سے واضح ہوتا ہے کہ ابتدائی برسوں میں ریاستی ادارے محدود وسائل، غیر منظّم شہری منصوبہ بندی اور شدید آبادیاتی دباؤ کا شکار تھے۔ کراچی، جو ابتدائی دارالحکومت تھا، اُس وقت ایک چھوٹے ساحلی شہر سے بڑھ کر تیزی سے پھیلتے شہری مرکز میں تبدیل ہو رہا تھا۔ اِسی طرح لاہور، راول پنڈی اور دیگر شہر بھی غیر معمولی دباؤ کا سامنا کر رہے تھے۔
ایسے ماحول میں مذہبی اجتماعات، خصوصاً عید الاضحیٰ، ایک بڑے انتظامی امتحان کے طور پر سامنے آئے۔ 1950ء اور 1960ء کی دہائی میں پاکستان میں بلدیاتی اداروں کی تشکیل کا عمل شروع ہوا، لیکن یہ ادارے ابھی مکمل طور پر مستحکم نہیں تھے۔ صفائی، نکاسی اور فضلہ ٹھکانے لگانے کا نظام محدود دائرۂ کار رکھتا تھا۔ اُس دَور میں عید الاضحیٰ کے موقعے پر زیادہ تر انتظامات مقامی سطح پر کیے جاتے۔ محلّے کی سطح پر اجتماعی تعاون اور روایتی طریقۂ کار بنیادی کردار ادا کرتے۔
تاہم، جیسے جیسے آبادی بڑھتی گئی، غیر رسمی نظام ناکافی ثابت ہونے لگا۔ یہی وہ تاریخی مرحلہ ہے، جہاں مذہبی روایت اور شہری انتظامی نظام کے درمیان پہلا واضح دباؤ پیدا ہوا۔1970ء کی دہائی میں پاکستان میں شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اقوامِ متحدہ کے آبادیاتی اعداد و شمار کے مطابق، اس عرصے میں شہری نقل مکانی میں نمایاں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں بڑے شہروں پر دباؤ بڑھ گیا۔ عید الاضحیٰ کا دائرہ بھی وسیع ہوا اور اب یہ صرف مخصوص محلّوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ پورے شہر میں ایک وسیع سرگرمی بن گئی۔
سرکاری سطح پر بلدیاتی نظام موجود تھا، مگر اس کی استعداد محدود تھی۔ یہی وجہ ہے کہ قربانی کے بعد صفائی اور فضلے کا اتلاف ایک مستقل انتظامی مسئلہ بنتا گیا۔1980ء اور 1990ء کی دہائیوں میں کراچی اور لاہور جیسے شہر میٹروپولیٹن شکل اختیار کر گئے۔ شہری ترقّی کے سرکاری اداروں کی رپورٹس کے مطابق اس دور میں آبادی کئی گُنا بڑھی، جب کہ بنیادی ڈھانچا اس رفتار سے ترقّی نہیں کر سکا۔
عید الاضحیٰ کے موقعے پر لاکھوں جانوروں کی قربانی کے باعث پیدا ہونے والا فضلہ، شہری نظام پر غیر معمولی دباؤ ڈالنے لگا، جب کہ بلدیاتی ادارے محدود وسائل اور تیکنیکی کمی کا شکار تھے۔ اُس دور کے اخبارات اور سرکاری رپورٹس میں بار بار یہ مسئلہ اُٹھایا گیا کہ صفائی کا نظام عارضی انتظامات پر انحصار کرتا ہے، مستقل پالیسی موجود نہیں۔2000ء کے بعد پاکستان میں شہری انتظامی نظام میں کچھ اصلاحات کی گئیں، لیکن مسئلہ اپنی ساخت میں جُوں کا تُوں رہا۔
بڑے شہروں میں جدید صفائی مشینری اور منصوبہ بندی کے تصوّرات متعارف کروائے گئے، مگر آبادی اور شہری پھیلاؤ کی رفتار اس سے کہیں زیادہ تھی۔ عید الاضحیٰ ایک باقاعدہ’’شہری انتظامی آپریشن‘‘ کی شکل اختیار کر گئی، جس میں سرکاری ادارے، مقامی انتظامیہ اور شہری رضاکار سب شامل ہونے لگے۔ تاہم مسئلہ یہ رہا کہ یہ اقدامات زیادہ تر ردّ ِعمل تھے، نہ کہ پیشگی منصوبہ بندی پر مبنی۔
عید الاضحیٰ کے موقعے پر شہری ماحول پر جو اثرات مرتّب ہوتے ہیں، وہ کسی ایک شعبے تک محدود نہیں رہتے، بلکہ پورے ماحولیاتی نظام کو متاثر کرتے ہیں۔ ماحولیاتی مطالعات کے مطابق، جب کسی محدود وقت میں بڑے پیمانے پر نامیاتی فضلہ پیدا ہوتا ہے، تو شہری نظام کی برداشت کی حدیں آزمائی جاتی ہیں۔ پاکستان کے بڑے شہروں میں یہ صُورتِ حال خاص طور پر نمایاں ہو جاتی ہے، جہاں آبادی کی کثافت پہلے ہی بلند سطح پر موجود ہے۔
اِس موقعے پر صفائی، نکاسی اور فضلے کے اتلاف کے نظام پر غیر معمولی دباؤ پڑتا ہے۔ تاریخی طور پر دیکھا جائے، تو یہ دباؤ حالیہ دہائیوں میں زیادہ واضح ہوا ہے، کیوں کہ شہری پھیلاؤ اور آبادی میں اضافہ مسلسل جاری ہے۔ فضلے کی بڑی مقدار اِس عمل کا سب سے فوری اور نمایاں اثر ہے۔ قربانی کے بعد جانوروں کی باقیات اگر بروقت اور مناسب طریقے سے تلف نہ کی جائیں، تو یہ گلنے سڑنے کے عمل سے ماحول کو متاثر کرتی ہیں۔
مختلف شہری رپورٹس میں یہ بات بار بار سامنے آئی کہ تاخیر کے باعث بدبُو، جراثیم اور پانی کی آلودگی کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ خاص طور پر گرم موسم میں یہ اثرات زیادہ شدّت اختیار کر جاتے ہیں۔ یہ صُورتِ حال شہری صحت کے لیے بھی خطرات پیدا کرتی ہے، کیوں کہ ایسے ماحول میں جراثیمی بیماریوں کے پھیلنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
اِس عمل سے فضائی معیار بھی متاثر ہوتا ہے۔ اگرچہ یہ اثر صنعتی آلودگی کے مقابلے میں وقتی ہوتا ہے، لیکن اس کی شدّت مقامی سطح پر واضح محسوس کی جا سکتی ہے۔ گلنے سڑنے کے عمل سے پیدا ہونے والی گیسز فضا کو متاثر کرتی ہیں اور شہری علاقوں میں، جہاں پہلے ہی گاڑیوں اور صنعتی سرگرمیوں کی وجہ سے فضائی دباؤ موجود ہے، یہ اضافی بوجھ صُورتِ حال کو مزید پیچیدہ کر دیتا ہے۔
اِس طرح ایک عارضی، مگر شدید ماحولیاتی دباؤ پیدا ہوتا ہے، جو شہری فضا کا توازن متاثر کرتا ہے۔ نیز، پانی کے نظام پر بھی اس کے اثرات نمایاں ہوتے ہیں۔ اگر فضلہ مناسب طریقے سے تلف نہ کیا جائے، تو بارش یا صفائی کے پانی کے ذریعے یہ نالیوں اور زیرِ زمین پانی کے نظام تک پہنچ سکتا ہے۔
مختلف ماحولیاتی رپورٹس میں اِس امر کی نشان دہی کی گئی ہے کہ فضلے کا غیر محفوظ اتلاف شہری پانی کی صفائی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ یہ مسئلہ صرف فوری نہیں، بلکہ طویل مدّتی بھی ہو سکتا ہے، کیوں کہ زیرِ زمین پانی کی آلودگی کا اثر دیرپا ہوتا ہے۔ شہری نکاسی کا نظام اس دباؤ کا ایک اور اہم پہلو ہے۔
اگر عید کے دَوران صفائی کا عمل بروقت نہ ہو، تو نالیاں بند ہونے اور پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ یہ صُورتِ حال نہ صرف ماحولیاتی، بلکہ انفراسٹرکچر کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ شہری انتظامیہ کو ہر سال اِس چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن اِس سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات وقتی نوعیت کے ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اِس طرح کے مسائل بار بار سامنے آتے ہیں۔
یہ تمام معاملات اِس امر کی نشان دہی کرتے ہیں کہ عید الاضحیٰ کا ماحولیاتی پہلو محض صفائی کا مسئلہ نہیں، ایک مکمل شہری انتظامی چیلنج ہے اور یہ چیلنج مختلف سطحوں پر ایک ساتھ ظاہر ہوتا ہے، جیسے فضلہ، ہوا، پانی اور نکاسی۔ اگر اِن تمام عناصر کو ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت نہ دیکھا جائے، تو اِس ضمن میں درپیش مسائل مکمل طور پر حل نہیں کیے جاسکتے۔ یہی وجہ ہے کہ جدید شہری ماحولیاتی مطالعے اِسے ایک’’مرکب شہری دباؤ‘‘ کے طور پر دیکھتے ہیں۔
پاکستان کے بڑے شہر اپنی آبادی، انتظامی ڈھانچے اور جغرافیائی حالات کے لحاظ سے ایک دوسرے سے مختلف ہیں، اِسی لیے عید الاضحیٰ کے ماحولیاتی اثرات بھی ہر شہر میں یک ساں نہیں ہوتے۔ کراچی ایک ساحلی اور سب سے زیادہ آبادی رکھنے والا شہر ہے، لاہور تاریخی اور ثقافتی مرکز ہونے کے ساتھ نسبتاً منظّم شہری ڈھانچا رکھتا ہے، جب کہ اسلام آباد’’منصوبہ بند دارالحکومت‘‘ ہونے کے باوجود آبادیاتی دباؤ سے مکمل طور پر محفوظ نہیں۔
اِن شہروں میں عید الاضحیٰ کے دَوران ماحولیاتی دباؤ کی نوعیت مختلف ضرور ہے، مگر بنیادی مسئلہ ایک ہی ہے، نامیاتی فضلے کا بروقت اور مؤثر اتلاف۔ یہی فرق اِس تقابلی جائزے کی بنیاد ہے۔ کراچی میں صُورتِ حال سب سے زیادہ پیچیدہ سمجھی جاتی ہے کہ یہ شہر آبادی، صنعتی سرگرمیوں اور محدود شہری وسائل کا مجموعہ ہے۔
یہاں عید الاضحیٰ کے دَوران لاکھوں جانوروں کی قربانی کے نتیجے میں پیدا ہونے والا فضلہ شہری نظام پر فوری اثرانداز ہوتا ہے۔ شہر کی وسعت اور آبادی کی غیر منظّم تقسیم، صفائی کا عمل مزید مشکل بنا دیتی ہے۔ مختلف شہری رپورٹس کے مطابق، کئی علاقوں میں صفائی کا عمل تاخیر کا شکار ہو جاتا ہے، جس سے ماحولیاتی مسائل زیادہ نمایاں ہو جاتے ہیں۔ اِس شہر میں مسئلہ صرف انتظامی نہیں، ساختی نوعیت اختیار کر چُکا ہے۔
اِس کے برعکس، لاہور کی صُورتِ حال نسبتاً مختلف ہے۔ یہاں شہری منصوبہ بندی کراچی کے مقابلے میں بہتر سمجھی جاتی ہے، لیکن آبادی کی کثافت اور ثقافتی سرگرمیوں کی شدّت اسے ایک مختلف دباؤ میں رکھتی ہے۔ عید الاضحیٰ کے دَوران یہاں بھی فضلہ ایک بڑا مسئلہ بنتا ہے، لیکن انتظامی ردّ ِعمل نسبتاً تیز ہوتا ہے۔ تاریخی طور پر لاہور ایک منظّم شہری ڈھانچے کا حامل رہا ہے، جس کی وجہ سے بعض علاقوں میں صفائی کا عمل نسبتاً مؤثر رہتا ہے۔
تاہم، شہر کی توسیع پرانے نظام پر دباؤ کا باعث ہے، جس کے اثرات اب نمایاں ہونے لگے ہیں۔ اسلام آباد ایک منظّم شہر ہونے کے باوجود ماحولیاتی اور انتظامی چیلنج سے مکمل طور پر مستثنیٰ نہیں ہے۔ اگرچہ یہاں آبادی نسبتاً کم ہے اور شہری ڈھانچا جدید اصولوں پر قائم ہے، لیکن عید الاضحیٰ کے دَوران یہاں بھی صفائی اور فضلے کا بروقت اتلاف ایک انتظامی چیلنج بن جاتا ہے۔ اِس شہر میں مسئلہ زیادہ تر انتظامی ہم آہنگی اور عوامی شعور سے متعلق ہوتا ہے۔
اگرچہ بنیادی ڈھانچا مضبوط ہے، لیکن شہری رویّے اور انتظامی عمل کی رفتار بعض اوقات اِس توازن کو متاثر کرتی ہے۔ فیصل آباد، راول پنڈی اور پشاور جیسے شہر درمیانی سطح کے شہری مراکز ہیں، جہاں صحت و صفائی کا یہ مسئلہ نسبتاً مختلف انداز میں ظاہر ہوتا ہے۔ اِن شہروں میں آبادی کا دباؤ بڑے شہروں سے کم ضرور ہے، لیکن انتظامی وسائل بھی محدود ہیں۔
اِس لیے یہاں عید الاضحیٰ کے دَوران ماحولیاتی اثرات زیادہ تر مقامی اور وقتی نوعیت کے ہوتے ہیں۔ بعض علاقوں میں صفائی کا عمل تیزی سے مکمل ہو جاتا ہے، جب کہ کچھ علاقوں میں تاخیر دیکھنے میں آتی ہے۔ یہ عدم توازن اِس امر کی نشان دہی کرتا ہے کہ مسئلہ صرف شہر کے حجم سے نہیں، بلکہ انتظامی استعداد سے بھی وابستہ ہے۔
پاکستان میں عید الاضحیٰ کے ماحولیاتی اثرات کو اگر صرف موجودہ حالات کے تناظر میں دیکھا جائے، تو یہ تصویر ادھوری رہ جاتی ہے۔ درحقیقت، یہ مسئلہ ایک طویل تاریخی تسلسل کا حصّہ ہے، جس کی جڑیں برّ ِعظیم کے نوآبادیاتی دَور اور بعدازاں قیامِ پاکستان کے ابتدائی انتظامی ڈھانچے تک پھیلی ہوئی ہیں۔ تاریخی طور پر اِس خطّے میں شہری انتظامی نظام ہمیشہ محدود وسائل اور غیر مرکزی ڈھانچے کا حامل رہا ہے۔
یہی کم زور بنیادیں بعد کے ادوار میں بھی برقرار رہیں اور جدید شہری مسائل کے ساتھ مطابقت پیدا نہ کر سکیں۔ عید الاضحیٰ جیسے بڑے اجتماعی مذہبی عمل کے لیے جو مربوط منصوبہ بندی درکار تھی، وہ تاریخی طور پر کبھی مکمل طور پر تشکیل نہ پا سکی۔ یہی بنیادی خلا آج کے ماحولیاتی مسائل کی جڑ ہے۔ نوآبادیاتی دَور میں اگرچہ برطانوی انتظامیہ نے بلدیاتی نظام کی بنیاد رکھی، لیکن اس کا مقصد زیادہ تر ٹیکس وصولی اور انتظامی کنٹرول تھا، نہ کہ مقامی سماجی یا مذہبی ضروریات کا حل۔
اِس نظام میں صفائی اور شہری خدمات کو ثانوی حیثیت حاصل تھی، جس کے نتیجے میں شہری ڈھانچا ایک ایسے ماڈل پر استوار ہوا، جو بڑے مذہبی یا سماجی اجتماعات کو مدّ ِ نظر رکھ کر نہیں بنایا گیا تھا۔ یہ تاریخی حقیقت اِس امر کو واضح کرتی ہے کہ موجودہ مسائل کسی ایک دَور کی پیداوار نہیں بلکہ ایک مسلسل انتظامی کم زوری کا تسلسل ہیں۔ قیامِ پاکستان کے بعد اگرچہ ایک آزاد ریاست وجود میں آئی، لیکن انتظامی ڈھانچے کی فوری تشکیل ایک بڑا چیلنج تھا۔ ابتدائی دہائیوں میں ریاست کی توجّہ زیادہ تر سیاسی استحکام، مہاجرین کی آبادکاری اور بنیادی اداروں کے قیام پر مرکوز رہی۔
یوں شہری منصوبہ بندی اور ماحولیاتی نظم و نسق کو وہ توجّہ نہ مل سکی، جو ایک بڑھتی شہری آبادی کے لیے ضروری تھی۔ اِس خلا نے بعد میں ایسے مسائل جنم دیئے، جو آج بھی برقرار ہیں۔ عید الاضحیٰ کے موقعے پر صفائی اور فضلے کی تلفی کا مسئلہ اِسی تاریخی عدم توجّہی کا ایک عملی اظہار ہے۔ مزید براں، انتظامی نظام میں تسلسل کا فقدان بھی اِس کی ایک اہم وجہ ہے۔ مختلف ادوار میں بلدیاتی نظام بار بار تبدیل کیا گیا، لیکن کوئی بھی ماڈل مستقل اور پائے دار ثابت نہ ہو سکا۔ اِس عدم تسلسل نے ادارہ جاتی صلاحیت کم زور کی اور طویل المدّتی منصوبہ بندی بھی متاثر ہوئی۔
نتیجتاً ہر سال عید الاضحیٰ کے موقعے پر وہی مسائل دوبارہ سامنے آتے ہیں، جنہیں عارضی اقدامات سے وقتی طور پر کم تو کیا جاتا ہے، مگر مکمل طور پر حل نہیں کیا جاتا۔ یہ صُورتِ حال اِس امر کی علامت ہے کہ مسئلہ پالیسی کا نہیں، بلکہ ادارہ جاتی استحکام کا ہے۔
معاشرتی سطح پر بھی ایک اہم پہلو یہ ہے کہ شہری شعور اور اجتماعی ذمّے داری کا تصوّر یک ساں طور پر فروغ نہیں پا سکا۔ اگرچہ مذہبی تعلیمات، صفائی اور نظم و ضبط پر زور دیتی ہیں، لیکن عملی سطح پر اِن اصولوں کا اطلاق نہیں ہوتا۔ لہٰذا، صفائی کے اہتمام کے لیے ہمیں ایک منظّم و مستحکم قوم بن کر کام کرنا ہوگا اور ریاستی ذمّے داریاں اپنی جگہ، اپنی مدد آپ کے تحت بھی اِن مشکلات سے نمٹنا ہوگا۔