• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین دوستی، 75 برس سے ہر آزمائش پر پوری اتری، شہباز، ڈار

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر، خصوصی نمائندہ ، نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی، 75 برس سے ہر آزمائش پر پوری اتری ، وزیر اعظم شہباز شریف سے چین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بدھ کے روز ملاقات کی جس کی قیادت قومی نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین تسائی دافنگ کر رہے تھے، چینی مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ چین کے دورے کا منتظر ہوں ، انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو سراہا۔ادھر چین کے وفد نے سینیٹ کی کارروائی دیکھی ، سینیٹ آمد پر وفد کا پر تپاک استقبال کیا گیا ، وفد نے قومی اسمبلی کا دورہ بھی کیا ، وفد کے سربراہ تسائی دافنگ نے کہا کہ چین علاقائی امن کوششوں میں پاکستان کے کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، سینیٹ اور قومی اسمبلی میں پاک چین تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر متفقہ قراردادیں منظور کی گئیں،دریں اثناء پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیغام میں کہا ہے کہ پاک چین سٹریٹجک شراکت داری ،خطے میں امن ترقی کیلئے اہم سنگ میل ہے،دونوں ملکوں میں دوستی آنے والے برسوں میں مزید فروغ پائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ گزشتہ 75برسوں کے دوران پاکستان اور چین نے باہمی اعتماد اور دوطرفہ و علاقائی اہمیت کے حامل امور پر اسٹریٹجک ہم آہنگی کی بنیاد پر دوستی کا ایک منفرد رشتہ قائم کیا،وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور چینی عوام کو سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی اور چین کے بنیادی قومی مفادات کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک گیم چینجر قرار دیتے ہوئے اس کے اگلے مرحلے کی کامیابی کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ وہ اپنے آئندہ سرکاری دورۂ چین کے منتظر ہیں،علاقائی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم نے جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے چین کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی ہم آہنگی اور کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔نائب چیئرمین تسائی دافنگ نے کہا کہ چینی قیادت پاکستان چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پُرعزم ہے، چین پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور چین پاکستان مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کیلئے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں چینی وفد کی قیادت کرنے والے سائی ڈوہ فُنگ، نائب چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے نیشنل پیپلز کانگریس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے چینی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان موجود گرمجوشی، اعتماد اور دیرینہ خیر سگالی کا روشن مظہر ہے،انہوں نے پاکستان اور چین کے پارلیمانی اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کو اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ وفود کے باہمی تبادلے مقننہ کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں اور باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ تعاون کو فروغ دیتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید