اسلام آباد (عاصم جاوید) اسلام آباد ہائی کورٹ میں متنازع ٹویٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے موقع پر آنے والے یورپی یونین وفد کے پولیٹکل قونصلر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں داخلے کی اجازت نہ مل سکی۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے یورپی یونین وفد کے کے پولیٹکل قونصلر کو ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ پر روک دیا۔ گزشتہ روز بھی یورپی یونین وفد کے پولیٹکل قونصلر نے عدالت میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی تاہم اُس وقت بھی انہیں اجازت نہیں دی گئی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ڈپلومیٹس کیلئے عدالتی کارروائی میں شرکت کیلئے دفتر خارجہ کی اجازت درکار ہوتی ہے۔ یورپی یونین وفد کے پولیٹکل قونصلر کے پاس صرف دفتر خارجہ کو بھیجی گئی درخواست کی نقل تھی، اس حوالے سے وزارت خارجہ نے کوئی ہدایت جاری نہیں کی۔