راولپنڈی (حافظ وسیم اختر،اسٹاف رپورٹر) ڈیجیٹل حوالہ، ہنڈی اور منی لانڈرنگ کے منظم نیٹ ورک سے وابستہ خطرناک اشتہاری مجرم گرفتار، ابتدائی تحقیقات کے دوران سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ،ایف آئی اے حکام کاکہنا ہے کہ ملزم ایک ایسے منظم عالمی مجرمانہ گروہ کا سرگرم رکن ہے جو پاکستان سے کالے دھن کو بیرون ملک منتقل کرنے کے لیے جدید ترین ڈیجیٹل طریقے استعمال کر رہا تھا۔حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد آصف ولد محمد اکرم کے نام سے ہوئی جو گوجرانوالہ کا رہائشی ہےجو اگست 2024میں انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ 2010کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمہ میں طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل فیصل آباد کیٹیم نے جدید تکنیکی نگرانی کے بعد ملزم کو ٹریس کرکے حراست میں لے لیا ،ملزم منظم عالمی مجرمانہ گروہ کا سرگرم رکن ہے، یہ نیٹ ورک ʼبائننسʼ (Binance) سمیت مختلف کرپٹو کرنسی پلیٹ فارمز، آن لائن گیمنگ ایپلی کیشنز کے گفٹنگ فیچرز کے غلط استعمال اور غیر قانونی آف شور سیٹلمنٹ کے ذریعے منی لانڈرنگ میں ملوث تھا۔ اس کے علاوہ، یہ گروہ غیر ملکی فری لانس ریمیٹنس کو بھی اپنے غیر قانونی مالی لین دین کے لیے ڈھال کے طور پر استعمال کر رہا تھا، دورانِ تفتیش ملزم سے حاصل ہونے والی معلومات اور خفیہ دستاویزات کی روشنی میں اس نیٹ ورک کے دیگر مفرور ارکان، سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈز کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔