اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کے سرحد پار دہشتگردی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ دراصل بھارت خود بیرونِ ملک دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے اور اس کی خفیہ سرگرمیوں کے واضح شواہد موجود ہیں۔اقوامِ متحدہ میں پاکستان مشن کی قونصلرصائمہ سلیم نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھارتی الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں بھارت کی خفیہ کارروائیوں کا زندہ ثبوت ہے،بھارتی مندوب ہریش پروتھانی نے پاکستان پر سرحد پار دہشت گردی کی سرپرستی کا الزام عائد کیا تھا، جس کے جواب میں پاکستانی مندوب نے حقِ جواب استعمال کرتے ہوئے بھارت کے مؤقف کو چیلنج کیا۔یہ بحث سلامتی کونسل میں "اقوامِ متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کے تحفظ اور اقوامِ متحدہ کے مرکزی عالمی نظام کے استحکام "سے متعلق اجلاس کے دوران ہوئی، صائمہ سلیم نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی تنازع ہے جو خود بھارت اقوامِ متحدہ میں لے کر گیا تھا۔