پشاور (ارشد عزیز ملک )مزمل اسلم نے خیبرپختونخوا پولیس کو 16 ارب روپے دینے کا دعویٰ مسترد کردیا ،وزیراعلیٰ کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا نے سکیورٹی اور پولیسنگ پر ملک کے تمام صوبوں سے زیادہ وسائل خرچ کیے ہیں اور یہ تمام اخراجات صوبے نے اپنے محدود وسائل سے پورے کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پولیس کا بجٹ کل صوبائی بجٹ کا 8.7 فیصد ہے جبکہ پنجاب میں یہ شرح 3.9 فیصد ہے۔ ان کے مطابق یہ فرق واضح کرتا ہے کہ خیبر پختونخوا نے سکیورٹی کو ترجیحی بنیادوں پر رکھا ہوا ہے،جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے ایک وفاقی نمائندے کے اس دعوے کو گمراہ کن قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی حکومت نے صوبے کو پولیس اور سکیورٹی سے متعلق ترقیاتی کاموں کے لیے 16 ارب روپے فراہم کیے ہیں۔آئی جی خیبرپختونخوا کا دعویٰ تھا کہ وفاق نے ضم اضلاع میں پولیس لائینز ، تھانوں اور چوکیوں کی تعمیر کے لئے 16 ارب روپے کی خطیر رقم دی ہے ،مزمل اسلم نے کہا کہ گزشتہ ایک مالی سال کے دوران خیبر پختونخوا حکومت نے پولیس کے بجٹ میں 37 فیصد، یعنی 46 ارب روپے کا اضافہ کیا، جو شرح اور مجموعی رقم دونوں اعتبار سے پاکستان کے تمام صوبوں میں سب سے زیادہ ہے۔