ملتان (سٹاف رپورٹر) جماعت اہلسنت کے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی نے کہا ہے کہ سیدنا عثمان غنیؓ ملت اسلامیہ کے عظیم محسن ہیں جنہوں نے اپنی ساری دولت اسلام اور مسلمانوں کیلئے وقف کر دی، خدمت دین، عوامی فلاح و بہبود، رفاہ عامہ اور اصلاح معاشرہ کے اعتبار سے آپ کا دور خلافت اسلامی تاریخ کا روشن باب ہے، وہ گزشتہ روز ذوالنورین، خلیفۂ ثالث اور جامع القرآن سیدنا عثمان غنیؓ کے 1422 ویں یوم شہادت کے سلسلہ میں پاک گیٹ میں منعقدہ اجتماع سےخطاب کر رہے تھے، اس موقع پر مفتی محمد میاں نوازی اور مفتی محمد عثمان پسروری سمیت دیگر مقررین نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عثمان غنیؓ کے عہد خلافت میں اسلامی سلطنت کا دائرہ وسیع ہوا، سیدنا عثمانؓ کا سب سے بڑا کارنامہ پوری امت کو لغت قریش کے واحد رسم الخط اور تلفظ پر جمع کرنا ہے۔