کراچی (عبدالماجد بھٹی) ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ پانچ ٹیسٹ میچوںکیلئے پاکستان ٹیم کا انتخاب پری سیزن ریڈ بال کیمپ میں شریک 22 کھلاڑیوں میں سے ہوگا۔ فہرست میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا نام شامل نہیں ہے۔ ان کی ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کا کوئی امکان نہیں ہے، انہیں فٹنس، کارکردگی کے ساتھ وائٹ بال کرکٹ پر فوکس کرنے کو کہا گیا ہے۔ٹیسٹ ٹیم میں مسلسل خراب کارکردگی اور بولنگ اسپیڈ کم ہونے کے بعد ٹیم انتظامیہ انہیں دونوں سیریز میں شامل نہیں کرنا چاہتی۔ ٹیم انتظامیہ نئے بولنگ اٹیک کے ساتھ مضبوط ٹیسٹ ٹیم بنانے کی پلاننگ کررہی ہے ۔ اگر ضرورت پڑی تو انہیں موقع دیا جاسکتا ہے ۔ سلیکٹر اور ڈائریکٹر قومی اکیڈمی عاقب جاوید نے شاہین شاہ کو کہا ہے کہ کیر یئر کے حوالے سے کوئی جذباتی فیصلہ نہ کریں۔ دونوں دوروں میں محمد علی اور حنین شاہ کو موقع دینے کی تجویز ہے۔ حددرجہ ذمے دار ذرائع کے مطابق سابق کپتان سرفراز احمد بدستور ہیڈ کوچ ہونگے ، یونس خان کے معاملات طے پاگئے تو ان کیلئے نیا عہدہ تخلیق کیا جاسکتا ہے۔ شان مسعود ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہوں گے لیکن کپتانی سے متعلق چیئرمین محسن نقوی اپنا استحقاق استعمال کریں گے ۔ پیر سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پری سیزن ریڈ بال کیمپ شروع ہوگیا ۔ شاہین آفریدی نے اپنے آخری 16 ٹیسٹ میچ میں 60 وکٹ لیے ہیں ۔ ان کا نام وائٹ بال کیمپ کے 27 کھلاڑیوں میں شامل ہے اور توقع ہے کہ وہ 15 جون کو کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔ لاہور قلندرز کیلئے 140 پلس کی رفتار سے گیند کرنے والے بائیں ہاتھ کے تیز بولر دورۂ بنگلہ دیش کے پہلے ٹیسٹ میں بمشکل 134 کلومیڑ کی رفتار سے گیند کروا پائے تھے۔ پہلے ٹیسٹ کے بعد انہیں سلہٹ ٹیسٹ سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔