نیویارک (جنگ نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ اسٹیج میں شیڈول 72 میچوں سے 5 ہائی وولٹیج مقابلوں پر دنیا بھر کی نظریں ہونگی ۔ میگا ایونٹ میں 27 جون کو میامی میں پرتگال اور کولمبیا کے ٹکراؤ کے سب منتظر ہیں جہاں کرسٹیانو رونالڈو کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے شائقین اس قدر دیوانے ہو چکے ہیں کہ بلیک مارکیٹ میں ایک ٹکٹ کی قیمت 3 ہزار ڈالرز (تقریباً 8 لاکھ پاکستانی روپے) کی سطح کو چھو رہی ہے۔ ادھر 13 جون کو نیوجرسی میں برازیل کا مقابلہ مراکش سے ہوگا، جہاں ونیسیئس جونیئر اور نیمار ایکشن میں ہونگے ۔ 16 جون کو فرانس اور سینیگال کے درمیان کھیلا جائے گا، جو 2002 کے اس تاریخی اپ سیٹ کی آگ دوبارہ بھڑکائے گا جب سینیگال نے فرانس کا غرور خاک میں ملایا تھا۔ 17 جون کو انگلینڈ اور کروشیا کا کلاسک ٹکراؤ ہوگا، جو 2018 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل کا سنسنی خیز ری میچ ثابت ہوسکتا ہے۔