ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے شہباز شریف ہسپتال کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، آؤٹ ڈور اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے علاج معالجے اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کو مریضوں کی تعداد، طبی عملے کی حاضری، ادویات کے سٹاک اور دیگر انتظامی معاملات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور علاج معالجے کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، ادویات کی مسلسل دستیابی اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے تمام شعبہ جات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے تاکہ مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور بہتر علاج معالجہ فراہم کیا جا سکے۔