راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک)راولپنڈی ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (آر ڈی سی اے) کی نو منتخب باڈی نے کرکٹ کے فروغ اور تنظیمی امور کو مزید مثر بنانے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ آر ڈی سی اے کے سیکرٹری ذوالفقار علی نے میڈیا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کی بہتری، کرکٹ کے فروغ اور انتظامی امور کو احسن انداز میں چلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2 جون کو منعقدہ ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کی منظوری دی گئی جن میں ایڈوائزری کونسل، ڈسپلن کمیٹی، ٹورنامنٹ کمیٹی، جونیئر ٹورنامنٹ کمیٹی اور امپائر اینڈ سکورنگ کمیٹی شامل ہیں۔ ذوالفقار علی نے کہا کہ ایڈوائزری کونسل میں آصف ظہیر کو چیئرمین جبکہ راجہ نزاکت کو وائس پریذیڈنٹ مقرر کیا گیا ہے، دیگر اراکین میں جہانگیر اختر، پروفیسر توقیر احمد، ملک محمد ریاض، قیصر ستی، ارشد علی اور سدیر شاہ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسپلن کمیٹی کے چیئرمین نوید مشتاق عباسی جبکہ سیکرٹری ذوالفقار علی ہوں گے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں غلام کبریا، راجہ قاسم الرحمن، جمشید خان اور شاہد لطیف شامل ہیں۔ سیکرٹری آر ڈی سی اے کے مطابق ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیئرمین بھی نوید مشتاق عباسی ہوں گے جبکہ ذوالفقار علی سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔