راولپنڈی ،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار )جڑواں شہروں میں شہری گاڑی،رکشہ،22 موٹرسائیکلوں سے محروم ہوگئے۔گن پوائنٹ پر متعدد ڈکیتیاں،گھروں کے تالے ٹوٹ گئے،لاکھوں روپے ،قیمتی سامان و اشیاء لوٹ لی گئیں۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے شہری گزشتہ 2روزکے دوران مختلف وارداتوں میں ایک گاڑی ،رکشے ،21موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز،نقدی اور دیگراشیاء سے محروم ہوگئے، تھانہ دھمیال کے علاقہ میں گن پوائنٹ پر شفیق احمد سے موٹرسائیکل ،تھانہ روات کے علاقہ اٹامک کالونی میں عاصم حنیف کے گھر سے اسلحہ کی نوک پر 8موبائل ،6تولے کے طلائی زیورات ،22لاکھ روپے کے انعامی بانڈز،3لیپ ٹاپ ،12کلائی گھڑیاں،15پرفیوم ،ڈیڑھ لاکھ روپے دیگراشیاء،تھانہ سول لائنزکے علاقہ سہگل سٹریٹ میں عبداللہ شہزاد سے گن پوائنٹ پر11ہزار تین سوروپے اور موبائل ،تھانہ صدرواہ کے علاقہ جلالہ میں شفاقت محمود سے اسلحہ کی نوک پر15ہزار روپے اور موبائل ،ڈھوک مستقیم میں ممتازعلی خان کے گھرسے تالے توڑ کر5تولے سونا اور2لاکھ آٹھ ہزارروپے ،چکلالہ سکیم تھری میں میجر متین احمد کے گھر سے سامان مالیتی 15لاکھ روپے،ڈھوک حسو میں شوکت کے گھرسے 2لاکھ 73 ہزار روپے ،روم کولر،48جوڑے جوتے مالیتی 18ہزار روپے ،میر حیدر کالونی میں سعیداللہ کے گھرسے 11لاکھ 88روپے ،موبائل چوری کرلیاگیا۔ ادھر اسلام آباد کو سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کے باوجود جرائم فری سٹی بنانے کی خواہش پوری نہ ہو سکی ،سماجی شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہےکہ سوشل کرائم کی موجودگی میں جرائم کا سدباب ممکن ہی نہیں ہے ۔ اسلام آباد پولیس ہزاروں کی نفری اور سینکڑوں سیف سٹی کیمروں کی تنصیب کے باوجود ریڈ زون کے تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے سے موبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی ، تھانہ شالیمار، تھانہ کھنہ،تھانہ پھلگراں سے موٹر سائیکل چوری اور تھانہ کورال کے علاقے میں ایک گھر کے تالے ٹوٹنے کی واردات روکنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔