ملتان (سٹاف رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کا اہم اجلاس ضلعی صدر جعفر علی شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سٹی صدر خالد محمود قریشی سمیت کفایت حسین، رانا اویس، ملک مزمل کھاکھی، اعجاز صدیقی، سید ریحان بخاری اور خواجہ مدثر صدیقی نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر جعفر علی شاہ نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں چھوٹے تاجروں پر مجوزہ فکس ٹیکس کا نفاذ شدید تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں پر 25 ہزار روپے فکس ٹیکس عائد کرنا سراسر زیادتی اور ناانصافی ہے۔سٹی صدر خالد محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی شرائط پر کیے جانیوالے فیصلے چھوٹے تاجروں کیلئے نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ نئے ٹیکس عائد کرنے کے بجائے تاجروں کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنائے۔اجلاس کے شرکاء نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ حکومت کسی بھی نئے ٹیکس یا مالیاتی پالیسی کے نفاذ سے قبل تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لے اور ان سے مشاورت کرے۔