ملتان (سٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جیکی من مانی قیمتوں پر فروخت نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا،شہر کے مختلف مقامات پرگیس ڈیلرز اپنی مرضی کے مطابق نرخ وصول کر رہے ہیں، شہریوں کے مطابق معصوم شاہ روڈ پر ایل پی جی470 سے 490 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہےجبکہ گلگشت روڈ پر یہی گیس 520سے 540روپے فی کلو تک دستیاب ہے،اسی طرح لاری اڈا اور گردونواح میں بھی گیس 490 سے 500 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے، شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ گیس فروخت کرنے والے عناصر نے ایک منظم مافیا کی شکل اختیار کر لی ہے جو سرکاری نرخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے عوام سے اضافی رقم وصول کر رہا ہے، شہریوں نے کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر ملتان، سول ڈیفنس، ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں کی فوری جانچ پڑتال کی جائے، سرکاری نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کرائے جائیں اور زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔