بوسٹن (جنگ نیوز) پاکستانی نژاد مڈفیلڈر زیدان اقبال نے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کرکے تاریخ رقم کردی۔ عراق کی نمائندگی کرنے والے 23 سالہ زیدان اقبال ورلڈ کپ میں کھیلنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر بن گئے۔ وہ ناروے کے خلاف 59ویں منٹ میں بطور متبادل کھلاڑی میدان میں اترے تو یہ منفرد اعزاز ان کے نام ہوگیا ۔ زیدان اقبال کے والد کا تعلق پاکستان جبکہ والدہ عراق سے ہیں۔ وہ ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ دونوں ممالک سے ان کی وابستگی یکساں ہے اور وہ اپنے ایک جوتے پر عراقی جبکہ دوسرے پر پاکستانی پرچم رکھتے ہیں۔ عراق نے چار دہائیوں بعد فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا ہے ۔ ان کی ورلڈ کپ میں شرکت کو پاکستانی فٹبال کیلئے بھی ایک یادگار لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔