کراچی (اسٹاف ر پورٹر) سندھ ہائیکورٹ / آئینی بنچ نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات شفاف طریقے سے کرانے کی تجاویز طلب کرلیں۔ سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات اور نتائج کے خلاف درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو ہوئی۔ کنٹرولر امتحانات سندھ پبلک سروس کمیشن و دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ سندھ پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ جسٹس نثار احمد بھمبھرو نے استفسار کیا کہ جو سندھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان لیتے ہیں انکے نام کون بھیجتا ہے؟ تھرڈ پارٹی کو امتحان لینے کے لئے مقرر کریں تو کیا میکنیزم ہوگا؟ ہم نہیں چاہتے کہ بار بار آپکو بلائیں، سندھ پبلک سروس کمیشن ایک معزز ادارہ ہے ہم نہیں چاہتے کہ اسکی اور صوبے کی بدنامی ہو،آپ اچھے بیورو کریٹ ہوں گے اور سسٹم میں رہنا آپکی مجبوری ہوگی لیکن ڈلیور کررہے ہیں ،پنجاب اور بلوچستان میں بھی سروس کمیشن ہے وہاں سے ایسی شکایات نہیں آتیں ،کیا وہاں بولڈلوگ بیٹھے ہیں آپ یہاں صرف تنخواہ کے لئے کام کررہے ہیں ۔