کراچی (جنگ نیوز) اے پی این ایس نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے پیکا قانون (PECA) کے تحت روز نامہ نئی بات کو جاری کئے گئے نوٹس کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیکاکے نفاذ کے وقت میڈیا اداروں کو یقین دہانی کرائی گئی تھی اسکا اطلاق پرنٹ میڈیا پر نہیں ہوگا۔ اے پی این ایس نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو آئین کے آرٹیکل 19 کا احترام اور آزاد میڈیا کے تحفظ کے اپنے عزم پر قائم رہناچاہئے۔ اے پی این ایس کے صدرسینٹر سرمد علی اورسیکریٹری جنرل محمد اطہر قاضی نے کہا ہے کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس ایسوسی ایشن کی شکایت پر ایک اخبار اور اس کے کالم نگارکو NCCIA کی جانب سے اس بنیاد پرنوٹس جاری کرنا کہ کالم میں سول سرونٹ کو بدنام کرنے کے لئے "بیورو کریٹس " ( bureau corrupts) کی اصطلاح استعمال کی گئی، آزادی صحافت، عوامی مباحثے، اظہار رائے کی آزادی اور عوام کے حق آگاہی پر براہ راست حملہ ہے۔