کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا مقصد عوام کی خدمت، صوبے کی ترقی اور نوجوانوں کے لئے بہتر مواقع پیدا کرنا ہے،سندھ حکومت کے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کو عوام دوست، متوازن اور ترقیاتی ترجیحات کا آئینہ دار قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ہمیشہ عوامی فلاح، روزگار، تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر اور معاشی ترقی کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا ہے۔ یہ بجٹ سندھ کے روشن مستقبل، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کی مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔ ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ٹیکس فری بجٹ سندھ کے عوام کے لئے ریلیف، ترقی اور خوشحالی کا پیغام ہے جبکہ کم از کم اجرت کو 40 ہزار روپے سے بڑھا کر 43 ہزار روپے مقرر کرنا محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے ایک اہم اور خوش آئند اقدام ہے۔