لاہور (آصف محمود بٹ ) چین کے لاہور میں تعینات قونصل جنرل مسٹر سن یان نے وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ سرکاری دورہ چین کو پاک چین تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورے کے دوران طویل المدتی شراکت داری کو نئی جہت ملی، دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون کے فروغ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کو آگے بڑھانے کے لیے نئے اور وسیع تر اتفاق رائے تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے نے دونوں ممالک کی قیادت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنایا جائے اور تجارت، زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی اور رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو تیز کیا جائے۔صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان مضبوط ہم آہنگی خطے کی اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے۔۔ِ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔