• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہاز رانی کی آزادی بنیادی ضرورت، دشمن امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کیلئے پراکسیوں کا استعمال کررہا ہے، وزیراعظم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج آزادانہ بحری آمدو رفت اور جہازرانی کی آزادی پوری دنیا کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے، دشمن امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کیلئے پراکسیوں کا استعمال کر رہا ہے،بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو ہر قیمت پر ختم کرینگے، تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے امن،بات چیت اور سفارتکاری کی پالیسی پر عمل پیرا ، دنیا میں ہم پیس میکر کے نام سے پہچانے جاتے ہیں، عالمی سطح پر بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، پاکستان کو داخلی اور خارجی خطرات کے پیش نظر مختلف سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے ، برادرانہ اور دوستانہ ممالک کی حمایت اور پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کی کوششوں کی وجہ سے ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد مفاہمت کی تاریخی دستاویز پر دستخط ہوئے آج پاکستان دُنیا میں پیس میکر کے نام سے پہچانا جاتا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قیام امن کیلئےدن رات کوشش کی، ایرانی صدرڈاکٹرمسعود پزشکیان کا حالیہ دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان بردرانہ تعلقات کا عکاس ہےبلکہ خطےمیں امن کےفروغ کیلئے پاکستان کے کردار کا اعتراف بھی ہے، خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال نے عالمی معیشت اور بین الاقوامی سپلائی چین کیلئے میری ٹائم سکیورٹی کی اہمیت کو پہلے سے زیادہ اجاگر کیا ہے، حکومت پاک بحریہ کو مزید مضبوط، موثر اور جدید دفاعی فورس بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں ہفتہ کو پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں 125 مڈشپ مین اور 33ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، گورنر سندھ نہال ہاشمی، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔ تقریب میں آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے وزیراعظم کا استقبال کیا جبکہ وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے۔

اہم خبریں سے مزید