کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی، صوبائی وزراء نے چھٹے روز بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے حکومتی پالیسیوں کا دفاع کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے ہیں جن سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا ،وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق سندھ تیزی سے ترقی کی جانب سفر کررہا ہے ، سندھ میں صحافت مکمل طور پر آزاد ہے، ملک کے کسی صوبے میں سندھ جیسی صحافت آزاد نہیں۔وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ سندھ میں چوری اور چھیننے کے واقعات میں 10فیصد کمی آئی ہے، وائلنٹ کرائم میں چالیس فیصد کمی آئی ہے گزشتہ سال کے مقابلے میں۔ اس سال کراچی میں کوئی بھی دہشت گردی کا واقعہ نہیں ہوا۔ سی ٹی ڈی نے اس سال 642انٹیلجنس بیسڈ آپریشن کئے ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات میں 80فیصد کمی آئی ہے اور کالعدم تنظیموں اور دہشت گردوں کے 66 افراد کو گرفتار کیا گیا۔وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ کراچی میں مزدہ گاڑی سے دو سو کلو بارودی مواد پکڑ کر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا گیاجبکہ اپوزیشن کے ارکان نے حکومت کے دعوؤں کی نفی کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی کے اٹھارہ سالہ دور حکومت میں عوامی مشکلات میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے ،حکومت سندھ صوبے کے مفاد میں محاذ آرائی کی بجائے مکالمے کی سیاست کو اپنائے۔قبل ازیں شرجیل میمن جب تقریر کے لئے اپنی نشست سے اٹھے ہوئے ایوان شرجیل ۔ شرجیل کے نعروں سے گونج اٹھا۔