• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلستان جوہر رینجرز کی عمارت پر بارود بھری گاڑی سے حملہ، 2 جوان شہید، 5 دہشت گرد ہلاک

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں دہشت گردی کا ایک اور سنگین واقعہ پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے سندھ رینجرز کی ایک عمارت کو بارود سے بھری گاڑی سے نشانہ بنایا، جسکے بعد رینجرز اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے پہلے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے عمارت کو نشانہ بنایا اور بعد ازاں اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود رینجرز اہلکاروں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا راستہ روکدیا، طویل جاری رہنے والے مقابلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں رینجرز کے 2 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے، حملہ آوروں نے پہلے بارود سے بھری گاڑی سے عمارت کو نشانہ بنایا اور بعد ازاں اندر داخل ہونے کی کوشش کی، جماعت الاحرار نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ۔تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر تھانہ کی حدود گلستان جوہر بلاک 6 محکمہ موسمیات ،سندھ رینجر زکے سچل ونگ کی عمارت کے قریب زور دار دھما کہ ہوا،دھماکہ کی آواز دو ر دور تک سنائی دی گئی ، جس سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور جائے وقوعہ پر بھگدڑ مچ گئی ،دھماکہ کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دی گئیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق دہشت گردوں نے سندھ رینجرز کی عمارت پر بارود سے حملہ کیا اور بعد ازاں عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی ، تاہم موقع پر موجود رینجرز اہلکاروں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا راستہ روکدیا۔ طویل جاری رہنے والے مقابلے میں 5دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں رینجرز کے 2 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے اور 3 اہلکار زخمی ہوگئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔شہداء کی میتیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ سیکورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کی تلاش کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید