ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت تعلیمی بورڈ ملتان کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بورڈ کے افسران‘ ملازمین اور بورڈ آف گورنرز کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں فنانس کمیٹی کی سفارشات پر مالی سال 2026-27کیلئے 3ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دیدی گئی۔بجٹ سیکرٹری بورڈ خرم قریشی کی جانب سے پیش کیا گیا، اجلاس میں بورڈ ملازمین کے لیے پروویڈنٹ فنڈ اسٹیبلشمنٹ کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ امتحانات کے سپرنٹنڈنٹس، سپروائزری اسٹاف اور امتحانی عملے کے معاوضوں میں بھی اضافہ منظور کیا گیا۔ اسی طرح مختلف کمیٹیوں کے اراکین اور افسران کے معاوضوں میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔بورڈ آف گورنرز نے امتحانی نظام کو مزید شفاف اور موثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل اسکرین مارکنگ کے لیے فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی،میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرز کے انعامات میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو ایک لاکھ روپے، دوسری پوزیشن پر 75 ہزار روپے اور تیسری پوزیشن پر 50 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔