• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وقت کا ضیاع اور ذمہ داریوں سے غفلت بھی بدعنوانی ہے، کمشنر

ملتان( سٹاف رپورٹر) نیب اور کمشنر ملتان آفس کے باہمی تعاون سے کمشنر آفس میں خواتین سرکاری افسران کیلئے آگہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن صرف مالی بدعنوانی کا نام نہیں بلکہ وقت کا ضیاع، اختیارات کا غلط یا غیر موثر استعمال، عوامی مسائل سے لاتعلقی اور ذمہ داریوں سے غفلت بھی بدعنوانی کی مختلف صورتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرکاری افسران اپنے فرائض کا واضح ادراک، مضبوط عزم اور کمفرٹ زون سے نکل کر عوامی خدمت کے جذبے کو اپنالیں تو کرپشن سے پاک معاشرے کا خواب حقیقت بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سرکاری افسر لاکھوں شہریوں کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ وہ قانون، میرٹ اور دیانتداری کو ہر فیصلے کی بنیاد بنائے۔ ورکشاپ میں پروفیسر ڈاکٹر ارم بتول اعوان نے بطور ریسورس پرسن انسدادِ بدعنوانی، اخلاقی قیادت، شفاف طرزِ حکمرانی اور سرکاری افسران کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی جبکہ نیب ملتان کی افسران نے بھی آگاہی سیشن سے خطاب کیا، ورکشاپ میں  مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والی خواتین افسران نے شرکت کی جن میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مہناز خاکوانی، چیئرپرسن شعبہ نفسیات جامعہ زکریا پروفیسر ڈاکٹر ارم بتول اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو زرمینہ، ایس پی کینٹ خدیجہ عمر، ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ روبینہ کوثر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ملتان طاہرہ عزیز، ایڈیشنل ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن حنا چوہدری، ڈائریکٹر انجینئرنگ واسا رابعہ محفوظ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نازیہ امبرین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے نمیرہ ارم درانی، ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسر منیزہ منظور بٹ اور ڈپٹی سیکرٹری (سٹاف) اے سی ایس جنوبی پنجاب وجیہہ رسول خان سمیت دیگر شامل ہیں۔
ملتان سے مزید