کراچی (شکیل یامین کانگا) انگلش کھلاڑی ہیری کین کی شاندار پرفارمنس کی بدولت سابق عالمی چیمپئن انگلینڈ نے کانگو کو 1-2 سے ہرا کر فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ کانگو کو 74ویں منٹ تک ایک گول کی برتری حاصل تھی، تاہم ہیری کین نے دو گول کر کے کانگو کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ دیگر میچوں میں جولیان کوئی نونس اور جمینیز کے گولز کی بدولت میزبان میکسیکو نے ایکواڈور کو دو صفر سے شکست دے کر 40 سال بعد پری کوارٹر فائنل کا اعزاز حاصل کر لیا۔ نیویارک میں فرانسیسی کپتان ایمباپے نے دو اور بارکولا نے ایک گول کر کے سویڈن کے خلاف 0-3 سے فتح سمیٹی اور ٹاپ سکسٹین کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں فرانس کا مقابلہ پیراگوئے سے ہوگا۔