ملتان (سٹاف رپورٹر) لوکل گورنمنٹ ملتان میں مبینہ کرپشن اور سرکاری قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کا معاملہ مزید سنگین صورت اختیار کر گیا،لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ملتان نے ایک یونین کونسل سیکرٹری کو چار یونین کونسل کا چارج دے رکھا ہے، مسلم لیگ ن ملتان کے سینئر نائب صدر راؤ ابرار نے مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق مزید اہم دستاویزی شواہد پیش کر دیے جن کے بعد معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ مزید زور پکڑ گیا ہے، ذرائع کے مطابق سیکرٹری یونین کونسل 39،157، 45, 35 کے خلاف دستاویزات میں یونین کونسلوں میں برتھ، ڈیتھ، نکاح اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے اجرا، سرکاری فیسوں کی وصولی، ریکارڈ میں مبینہ رد و بدل اور قواعد کے مطابق لازمی تصدیقی عمل مکمل نہ کیے جانے سے متعلق تفصیلات شامل ہیں،رائوابرابر نے بتایا ہے کہ مذکورہ یونین کونسل میں مبینہ طور پر 70فیصد سے زائد طلاق سرٹیفکیٹس جعلی ہیں اور طلاق سرٹیفیکیٹ پر ایڈمنسٹریٹرز کے دستخط نہیں کروائے گئے ہیں، دستاویزات میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ یونین کونسل سیکرٹری نے ترمیمی سرٹیفکیٹ اور نئے سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر حکومتی فیس خزانے میں جمع نہیں کروائی ، سرکاری فیس کی مالیت 30لاکھ سے زائد بتائی جارہی ہے، راؤ ابرار نے مطالبہ کیا کہ تمام ریکارڈ کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے، ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے،ذرائع کے مطابق نئے شواہد سامنے آنے کے بعد متعلقہ محکمے میں تشویش پائی جا رہی ہے۔