اسلام آباد( نیوز رپورٹر )پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور کا اجلاس 30جون کو لاہور میں منعقد ہوا، اجلاس میں پیمرا اتھارٹی کی جانب سے جیو نیوز کیخلاف دس محرم الحرام کی نشریات میں مقدس ہستیوں کی تصویری عکاسی سے متعلق بھیجا گیا معاملہ زیر غور آیا، کونسل آف کمپلینٹس نے فیصلہ کیا کہ پیمرا اتھارٹی کی تجاویز جمع کرانے سے قبل اس معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے طلب کی جائے،کونسل نے سوال اٹھایا کہ آیا پیمرا کی جانب سے لائسنس کی معطلی اور نجی ٹی وی چینل کی جانب سے پیش کی گئی معافی اور اقدامات اس معاملے میں کافی ہیں یا مزید کارروائی کی ضرورت ہے۔اسلامی نظریاتی کونسل سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اسلامی تعلیمات اور احکامات کی روشنی میں ایک ہفتے کے اندر اپنی رائے سے کونسل آف کمپلینٹس کو آگاہ کرے۔اجلاس کے دوران نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اپنے وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے۔ انہوں نے ادارے کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے کونسل کو آگاہ کیا اور لائسنس معطلی ختم کرنے کی درخواست بھی کی۔ مذہبی جذبات سے متعلق معاملے کی حساسیت اور آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 19 کی روشنی میں پیمرا کونسل آف کمپلینٹس نے اسلامی نظریاتی کونسل سے باضابطہ رہنمائی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آرٹیکل 19 کے مطابق ہر شہری کو آزادیِ اظہارِ رائے اور اظہار کا حق حاصل ہے اور پریس کو بھی آزادی دی گئی ہے، تاہم یہ آزادی قانون کے تحت ایسی معقول پابندیوں کے تابع ہے جو اسلام کی عظمت کے مفاد سمیت دیگر آئینی تقاضوں کے لیے ضروری ہوں۔