اسلام آباد( زبیر قصوری) وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کر لیا، قیمتی ریلوے اراضی میرٹ پر نجی شعبے کو دی جائیگی، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار بھی حصہ لے سکیں گے ،رائل پام گولف اینڈ کنٹری کلب لیز پر دینے کا فیصلہ، شفاف نیلامی ہوگی، پاکستان ریلوے نے لاہور میں واقع رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کو بین الاقوامی معیار کے مطابق شفاف طریقے سے لیز پر دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ پاکستان ریلوے کی سب سے بڑی اور قیمتی کمرشل پراپرٹی ہے، جسے ہر صورت میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا۔روزنامہ جنگ اور دی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے بتایا کہ رائل پام ماضی میں مختلف قانونی اور انتظامی مسائل کے باعث کئی برس تک لیز پر نہ دیا جا سکا، حالانکہ مختلف ادوار میں اس کی لیز کے لیے کوششیں کی گئیں، مگر کسی نہ کسی وجہ سے یہ عمل مکمل نہ ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس قیمتی قومی اثاثے کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے کھولا جائے۔ اسی مقصد کے تحت بین الاقوامی اخبارات اور دیگر عالمی ذرائع ابلاغ میں اشتہارات جاری کیے جا چکے ہیں۔