اسلام آباد(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے مالی سال 2025-26 کے لیے نظرثانی شدہ سالانہ ٹیکس ریونیوکے ہدف کو کامیابی سے حاصل کرنے پر ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے ایک تاریخی کامیابی قرار دیاہے، یہ سنگ میل ٹیم ورک، مسلسل اصلاحات اور ایف بی آر کی قیادت اور ملک بھر میں تعینات افسران و عملے کی غیرمتزلزل محنت کا نتیجہ ہے،انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی، خودکار نظام، بہتر خدمات اور اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے امکانات میں کمی کے ذریعے ٹیکس کی ادائیگی کو زیادہ آسان اور موثر بنایا جائے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، بورڈ کے ارکان، سینئر افسران، چیف کمشنرز اور چیف کلیکٹرز ملک بھر سے بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔