• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس دہندگان اور وکلا کو سہولیات کی فراہمی FBR کی ترجیح ہے، چیف کمشنر انکم ٹیکس

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) چیف کمشنر انکم ٹیکس بلوچستان عبدالمالک درانی نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان اور ٹیکس وکلا کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی ایف بی آر کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید سلیم رضا ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں معروف ٹیکس پریکٹشنرز عزیز الرحمن اعوان ، انور علی خمیسانی اور دیگر بھی موجود تھے۔چیف کمشنر عبدالمالک درانی نے کہا کہ سالانہ ریونیو اہداف کے حصول میں ٹیکس وکلا کا کردار ہمیشہ قابلِ ستائش رہا ہے۔ ٹیکس بار اور ایف بی آر کے درمیان باہمی تعاون کی بدولت نہ صرف ٹیکس دہندگان کو بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ قومی خزانے میں محصولات کے اضافے میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔اس موقع پر بلوچستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے وفد نے چیف کمشنر عبدالمالک درانی اور ان کی ٹیم کو ریونیو ٹارگٹ کامیابی سے عبور کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ وفد نے کہا کہ عبدالمالک درانی کی مؤثر قیادت میں ایف بی آر بلوچستان کے افسران اور عملے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محصولات کی وصولی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جو ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وفد نے امید ظاہر کی کہ ایف بی آر اور ٹیکس بار کے درمیان مضبوط رابطے مستقبل میں بھی برقرار رہیں گے، جس سے ٹیکس نظام کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنانے میں مدد ملے گی۔
کوئٹہ سے مزید